خیبرپختونخوا میں گوشت کی نوعیت کا چند سیکنڈز میں پتہ لگانے کے لیےجدید فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا قیام

12:10 PM, 1 Aug, 2025

پشاور: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ایک نئی اور جدید لیبارٹری کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے خوراک کے معیار اور خاص طور پر گوشت کی نوعیت کا تجزیہ چند سیکنڈز میں کیا جا سکے گا۔ اس جدید سہولت کا مقصد خوراک کی حفاظت اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔

لیبارٹری میں استعمال ہونے والی جدید مشینری جیسے ایف ٹی آئی آر، ایچ پی ایل سی اور یو ایچ پی ایل سی کی بدولت اب خوراک کے نمونوں کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جا سکے گی۔ اس سہولت کے ذریعے دودھ، پانی، مصالحے، مشروبات اور خاص طور پر گوشت کے نمونوں کا تجزیہ کیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا گوشت گدھے کا ہے یا بھینس و گائے کا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق، یہ لیبارٹری روزانہ 1500 سے زائد خوراکی نمونوں کی جانچ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہر رپورٹ کو ڈیجیٹل نظام کے تحت محفوظ کیا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید لیبارٹری کے قیام سے خوراک کے معیار میں بہتری آئے گی اور مضر صحت اشیاء کی بروقت نشاندہی کی جا سکے گی۔

اس اقدام کا مقصد صوبے میں محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، جس سے نہ صرف عوام کی صحت میں بہتری آئے گی بلکہ خوراک کے کاروبار میں شفافیت اور اعتماد بھی پیدا ہوگا۔

مزیدخبریں