چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، عدالتی اصلاحات پر تبادلہ خیال

06:22 PM, 1 Aug, 2025

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں بار ایسوسی ایشنز اور قانون و انصاف کمیشن کے درمیان تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا جبکہ دور دراز اضلاع میں عدالتی ڈھانچے کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق بار ایسوسی ایشنز کو عدالتی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے گا اور ہر صوبے میں سینئر سطح کے افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواتین سائلین کے لیے سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سرکاری معاونت کو مؤثر اور مربوط بنانے پر زور دیا اور اداروں میں رابطوں کی کمی کی وجہ سے منصوبوں کی تعمیل میں رکاوٹیں سامنے آنے کا ذکر کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مشترکہ جدوجہد سے شفاف اور عوام دوست عدالتی نظام کا قیام ممکن ہے۔

مزیدخبریں