فلوریڈا:ریسلنگ کی دنیا کی مشہور شخصیت ہلک ہوگن کی موت کی وجہ سامنے آگئی ہے۔ طبی رپورٹس کے مطابق، ان کی موت کی اصل وجہ شدید دل کا دورہ (Acute Myocardial Infarction) بنی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، بعد از مرگ طبی معائنے میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ہلک ہوگن خون کے سرطان (Leukemia) اور دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی (Atrial Fibrillation) جیسے سنجیدہ امراض میں خاموشی سے مبتلا تھے۔
رپورٹس کے مطابق، فلوریڈا کے علاقے سیفٹی ہاربر میں طبیعت خراب ہونے پر ان کے اہل خانہ نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔ تاہم وہ بچ نہ سکے۔
ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری جین بولیا تھا، 1980 اور 1990 کی دہائی میں WWE کے سب سے بڑے اور مقبول ریسلرز میں شمار ہوتے تھے۔ وہ ریسلنگ کے علاوہ فلموں، ٹی وی شوز اور اشتہارات میں بھی خاصے سرگرم رہے اور عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔
ان کی وفات پر دنیا بھر میں مداحوں اور ریسلنگ کمیونٹی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔