لاہور میں سموگ کے خاتمے کے لیے جدید ڈسٹ سسپنشن سسٹم نصب کیا جائے گا، مریم نواز

07:59 PM, 1 Aug, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے تدارک کے لیے جدید ترین ڈسٹ سسپنشن سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ نظام بوقت ضرورت مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بتایا کہ دنیا کا پہلا آزمودہ ڈسٹ سسپنشن سسٹم 15 جدید اینٹی اسموگ گنز پر مشتمل ہے، جو ہوا میں موجود باریک ذرات PM2.5 اور PM10 کو زمین پر گرا کر ہوا کو صاف کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ گنز لاہور میں مختلف مقامات پر نصب کی جائیں گی اور پنجاب کے ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک کے ساتھ مکمل طور پر مربوط ہوں گی۔ اس کے علاوہ، یہ سسٹم خودکار طریقے سے آلودگی میں اضافے پر فعال ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیٹلائٹ ڈیٹا، ڈرونز، کیو آر کوڈڈ بھٹوں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کے لیے یہ اہم قدم ہے۔

مریم نواز نے یقین ظاہر کیا کہ عزم، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی شمولیت کے ذریعے اسموگ کے خلاف کامیابی حاصل کی جائے گی۔

مزیدخبریں