کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے ایک تحریک کا نام ہے، جس نے جمہوریت اور آزادی صحافت کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایم آر ڈی تحریک کے دوران صحافیوں نے اپنی قربانیوں سے تاریخ رقم کی، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے، اور ملک میں جمہوریت کے استحکام میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے سچائی اور قومی مفاد کا دفاع کرتے ہوئے بہترین کردار ادا کیا، جب کہ عالمی سطح پر بھارتی اور پاکستانی میڈیا ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کو فضائی محاذ پر شکست دی، اور پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کر کے سچ کو فتح دلائی۔