اسلام آباد ایکسپریس حادثے کا شکار

09:41 PM, 1 Aug, 2025

لاہورؔ لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کالاشاہ کاکو کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ حادثے میں 25 مسافر معمولی زخمی ہوئے تاہم بڑی تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوئی تھی، جب کالاشاہ کاکو کے قریب اچانک پٹڑی سے اتر گئی۔ ٹرین کے متعدد ڈبے الٹنے سے ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا، جس کی وجہ سے گرین لائن سمیت کئی ٹرینیں متاثر ہوئیں اور مسافر گھنٹوں پھنسے رہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا، تاہم امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکیں، جس پر مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالنے اور ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کی۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریلوے کے سی ای او اور ڈی ایس کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر ریلوے نے حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 7 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جب کہ متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

مزیدخبریں