واٹس ایپ نے غیر ضروری بزنس میسجز سے نجات کا نیا حل متعارف کرا دیا

12:59 AM, 1 Aug, 2026

کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے صارفین کی چیٹ اسکرین کو زیادہ منظم بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے تحت کاروباری اداروں کی جانب سے موصول ہونے والے پروموشنل اور معلوماتی پیغامات مرکزی چیٹ لسٹ کے بجائے ایک الگ فولڈر میں دکھائے جائیں گے۔

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ اس نئے فیچر کو "Offers & Updates" کے نام سے آزما رہی ہے۔ اس کا مقصد صارفین کی ذاتی اور گروپ چیٹس کو غیر ضروری بزنس میسجز سے الگ رکھنا اور مین چیٹ لسٹ کو صاف ستھرا بنانا ہے۔

اس فیچر کے فعال ہونے پر بینکوں، ایئرلائنز، ریٹیل برانڈز اور دیگر کاروباری اداروں کے پیغامات ایک مخصوص مدت گزرنے کے بعد خودکار طور پر "Offers & Updates" فولڈر میں منتقل ہو جائیں گے، جس سے صارفین کی اہم گفتگو مرکزی چیٹ لسٹ میں نمایاں رہے گی۔

میٹا کے مطابق اس فیچر کی مختلف انداز میں جانچ کی جا رہی ہے۔ بعض صارفین کے لیے بزنس پیغامات چند گھنٹوں بعد جبکہ بعض کے لیے 24 گھنٹے گزرنے پر الگ فولڈر میں منتقل کیے جائیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ اگر وہ چاہیں تو اس فیچر کو مکمل طور پر غیر فعال کر سکتے ہیں، تاہم پیغامات کتنی دیر بعد منتقل ہوں گے، اس کا دورانیہ تبدیل کرنے کا آپشن دستیاب نہیں ہوگا۔

فی الحال اس نئے فیچر کی آزمائش محدود پیمانے پر کی جا رہی ہے اور اسے صرف واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم استعمال کرنے والے منتخب شراکت داروں کے ساتھ آزمایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں