جی ایچ کیو میں پی ایل اے کے یومِ تاسیس کی تقریب,پاکستان اور چین کے دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

02:45 PM, 1 Aug, 2026

راولپنڈی: چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 99ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں چین کے سفیر تھے، جبکہ چینی دفاعی اتاشی، سفارتکاروں اور پاک افواج کے سینئر افسران بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد دی۔ انہوں نے دفاع، ترقی اور عالمی امن کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، آزمودہ اور ہر چیلنج میں مضبوط رہی ہے۔ پاک افواج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کے حقیقی شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کردار کو سراہا۔

چینی سفیر نے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مزیدخبریں