مون سون صورتحال کا جائزہ، ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم

03:26 PM, 1 Aug, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر قائم ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا نواں اجلاس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کی مون سون صورتحال، سیلابی نقصانات اور جاری امدادی و بحالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، جبکہ وفاقی و صوبائی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ای او سی ٹیم نے کمیٹی کو ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، جانی و مالی نقصانات اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو گزشتہ روز کی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال اور وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

این ای او سی کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک کے شمالی و وسطی علاقوں جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں کے تعاون سے جاری ریلیف سرگرمیوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔

اجلاس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو، امداد اور بحالی کی کوششوں کو سراہا گیا۔ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے، پیشگی تیاری برقرار رکھنے اور امدادی و بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں