پی ٹی آئی اور تحریک لبیک کے دھرنے میں صرف داڑھی کا فرق تھا ، طلال چوہدری

پی ٹی آئی اور تحریک لبیک کے دھرنے میں صرف داڑھی کا فرق تھا ، طلال چوہدری

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ تین سال قبل 2014 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں دیئے گئے دھرنے اور گزشتہ ماہ نومبر میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دیے گئے دھرنے میں صرف داڑھی کا فرق تھا۔
تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری نے کہا کہ 2014 میں پی ٹی آئی کے دھرنے میں بغیر داڑھی جو گالیاں دی گئیں اور جو ڈنڈے استعمال کیے گئے، تحریک لبیک کے دھرنے میں بھی وہی گالیاں اور ڈنڈے داڑھی کے ساتھ استعمال کیے گئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں دھرنوں کے ذریعے مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو ہی نشانہ بنایا گیا، اگرچہ انتخابات مسلم لیگ (ن) نے نہیں کروائے تھے۔طلال چوہدری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے نہ تو قانون کا بھرم رکھا جاتا ہے، اور نہ ہی اخلاقیات کا خیال کیا جاتا ہے بلکہ اب تو سیاست میں مذہب کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنی گفتگو کے دوران پشاور کے زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں کی کارگردگی کو بھی سراہا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ ابھی بھی ملک میں دہشت گرد حملے ہو رہے ہیں، تاہم ماضی کے مقابلے ملک میں بہتر صورتحال ہے اور ہم سب کے اتحاد سے امن امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وسلم سب کا دن ہے، مگر کچھ لوگ اسے اپنا دن بنانے کے چکر میں ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کی مقبولیت کم کرنے کے لیے ہر جانب سے حملے کیے گئے اور انہیں گرانے کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا اور ان کے خلاف قانون سے ہٹ کر جے آئی ٹی بنائی گئی۔