شدید برفباری سے شکاگو کا نظام زندگی مفلوج، 2000 سے زائد پروازیں منسوخ

02:59 PM, 1 Dec, 2025

شکاگو: امریکی شہر شکاگو اور گریٹ لیکس ریجن میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک دن میں 8.4 انچ (21.34 سینٹی میٹر) برفباری ریکارڈ کی گئی، جو نومبر کے مہینے میں ایک دن کی سب سے زیادہ برفباری ہے۔ اس سے قبل 6 نومبر 1951 کو 8 انچ (20.32 سینٹی میٹر) برف پڑی تھی۔

شہر بھر میں شدید برفباری کے باعث ہوائی سفر بری طرح متاثر ہوا ہے، اور 2000 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے اور ایئرپورٹس پر مسافروں کا رش دیکھنے کو ملا ہے۔

برفباری نے شہر کے معمولات کو بھی متاثر کیا ہے۔ گریٹ لیکس کے قریب علاقوں میں ہفتے سے اب تک 12 انچ (تقریباً 30 سینٹی میٹر) سے زائد برف پڑ چکی ہے، اور مغربی مشی گن کے سیکڑوں گرجا گھروں نے عبادت گزاروں کو گھر پر رہنے یا آن لائن سروسز دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برفباری کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ برفباری کی وجہ سے سڑکوں پر سفر بھی خطرے سے خالی نہیں ہے، اور عوامی خدمات کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں