ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا ا مکان

01:38 PM, 1 Dec, 2025

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آج کے موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ اسلام آباد سمیت کئی دیگر شہروں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی محسوس ہو گی۔

مری، گلیات اور اس کے گرد و نواح میں بھی سرد اور خشک موسم کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں دھند اور اسموگ کی موجودگی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور ان کے گرد و نواح میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کے ساتھ صبح اور رات میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہے گا اور یہاں جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پانچ اور چھ دسمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

شہریوں کو موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر دھند اور اسموگ کی وجہ سے سفر کرتے وقت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں