گوگل کروم کا نیا اسپلٹ ویو فیچر: دو ٹیبز کو ایک ساتھ استعمال کریں

03:56 PM, 1 Dec, 2025

کیلیفورنیا: اگر آپ گوگل کروم استعمال کرتے ہیں تو آپ کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کا شاید آپ کو علم نہ ہو۔ اسپلٹ ویو نامی یہ فیچر اب بیشتر صارفین کو دستیاب ہے اور یہ خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہے جو کروم پر کئی ویب سائٹس کھولتے ہیں اور کام کے دوران مختلف ٹیبز کو ایک ساتھ استعمال کرتے ہیں۔

اس فیچر کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ آپ کسی لنک کو نئے ٹیب میں کھولنے کی بجائے براہ راست اسپلٹ ویو پر کھول سکتے ہیں، جس سے کروم پر ٹیبز کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔ اس فیچر کا استعمال کرنا بہت آسان ہے۔ بس آپ کو کسی لنک پر رائٹ کلک کرنا ہے، اور "اوپن نیو ٹیب" کے بجائے "اسپلٹ ویو" کے آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد وہ لنک سائیڈ بائی سائیڈ دو ٹیبز میں کھل جائے گا۔

پہلے ایسا کرنے کے لیے آپ کو دو براؤزر ونڈوز کھولنی پڑتی تھیں اور انہیں اکٹھا کرنا پڑتا تھا، لیکن اس نئے فیچر سے یہ عمل بہت آسان ہو گیا ہے۔ آپ دونوں ٹیبز کو آسانی سے ایک ساتھ اوپن کر سکتے ہیں، ان کی پوزیشن کو ریورس کر سکتے ہیں (یعنی دائیں یا بائیں جانب منتقل کر سکتے ہیں)، یا ایک ٹیب کو بڑا اور دوسرے کو چھوٹا بھی بنا سکتے ہیں۔

اگر آپ اسپلٹ ویو کو ختم کرنا چاہتے ہیں، تو بس اسی ٹیب پر رائٹ کلک کریں اور اسپلٹ ویو کے آپشن میں جا کر دائیں یا بائیں جانب کے ویو کو بند کر دیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر خاص طور پر مددگار ثابت ہو گا جب آپ ایک ٹیب میں کوئی ڈاکومنٹ دیکھ رہے ہوں اور دوسرے ٹیب میں ویڈیو کال میں مصروف ہوں، اس طرح آپ بیک وقت نوٹس بھی لے سکتے ہیں۔

مزیدخبریں