فوربز میں ستھرا پنجاب پروگرام کی گونج؛ عالمی تجزیہ کار نے مریم نواز کی حکمتِ عملی کو سراہا

02:42 PM, 1 Dec, 2025

لاہور : امریکی عالمی جریدے فوربز نے اپنی تازہ اشاعت میں پنجاب حکومت کے ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ کو شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے۔ معروف رائٹر اور کالم نگار پال کلین نے اپنی تحقیقاتی تحریر میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیکنیکل ٹیم کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے ’’انتہائی قلیل مدت‘‘ میں صوبے کے سب سے بڑے انتظامی اور ماحولیاتی چیلنج کو ’’ایک بڑی آپرچونیٹی‘‘ میں تبدیل کر دکھایا۔ تحریر کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ مینجمنٹ، صفائی کے جدید طریقہ کار، سمارٹ مانیٹرنگ اور عوامی شمولیت جیسے اقدامات نے صوبے کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔

فوربز کے مطابق، پروگرام کا ماڈل خطے میں گورننس کے لیے ایک نئی مثال کے طور پر ابھر رہا ہے جسے مستقبل میں دیگر ممالک بھی اپنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ پال کلین نے لکھا کہ انتظامیہ نے جہاں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو ترجیح دی، وہیں عوامی شکایات کے حل اور میونسپل نظام میں شفافیت نمایاں کامیابی کی بنیاد بنی۔

فوربز کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام عملی کارکردگی، نظم و نسق اور جدید حکومتی وژن کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وفاقی حکومت ایسے تمام اقدامات کی مکمل معاونت کرے گی جو ملک میں شہری سہولیات اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ضروری ہیں۔

مزیدخبریں