پاکستان اور بھارت کے مابین جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ آج ہوگا

Pakistan and India will exchange lists of nuclear facilities and prisoners today
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ آج ہوگا۔ دونوں ملک ایک دوسرے پر حملہ نہ کرنے کے معاہدے کے تحت ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

جوہری تنصیبات اور سہولیات کا یہ سالانہ تبادلہ یکم جنوری کو نئی دہلی اور اسلام آباد میں سفارتی چینلوں کے ذریعے ایک ساتھ عمل میں آئے گا۔ ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی جوہری تنصیبات اور سہولیات پر حملہ نہ کرنے کے ایک معاہدے پر 31 دسمبر 1988ء کو دستخط کیے تھے۔

یہ معاہدہ 27 جنوری 1991ء کو نافذ العمل ہوا تھا۔ دونوں ملکوں نے آج ہی ایک دوسرے کی جیلوں میں قید ایک دوسرے کے شہریوں کی فہرست کا تبادلہ بھی ہوگا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی ایک فہرست سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی فراہم کی جاتی ہیں۔