پاکستان میں 2026 کا آغاز: نئے سال کی پہلی کرن امیدوں، دعاؤں اور خوشخبریوں کے ساتھ طلوع

09:15 AM, 1 Jan, 2026

لاہور : پاکستان میں 2026 کا پہلا سورج نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ طلوع ہوا، اور 2025 کی تلخ و شیریں یادوں کو ماضی کی جھروکوں میں دفن کر دیا گیا۔ نئے سال کا آغاز دعاؤں، بارش کی رحمت اور بہتر مستقبل کی امیدوں کے ساتھ ہوا، اور مختلف شہروں میں شہریوں نے اس یادگار لمحے کا خیرمقدم کیا۔

کراچی میں، نئے سال کے پہلے سورج نے صبح 7 بج کر 17 منٹ پر اپنی کرنیں بکھیرنا شروع کیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد ساحلی علاقوں، پارکوں اور کھلے مقامات پر پہنچ کر اس لمحے کو کیمروں میں محفوظ کرنے کے لیے موجود تھی۔ ملک بھر کی مساجد میں بھی ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دعا کی گئی کہ اللہ پاکستان کو درپیش مشکلات سے نجات دے اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔

دوسری جانب، جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے شہریوں کو نئے سال کے پہلے سورج کے منظر سے محروم کر دیا، تاہم یہ بارش خشک سالی کے بعد برسی اور قدرت کی جانب سے ایک بڑی نعمت سمجھی گئی۔ بارش سے فضا میں تازگی پھیل گئی اور پارکوں و درختوں نے نئے سال کی خوشبو کو محسوس کیا۔

نئے سال کی خوشخبریوں میں ایک اہم خبر یہ بھی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دس روپے تک کمی کی گئی ہے، جسے عوام کے لیے نئے سال کا ایک بڑا تحفہ سمجھا جا رہا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ابر آلود موسم اور شدید دھند نے سورج کو دکھنے میں مشکل پیدا کی، تاہم شہر کے دیگر حصوں میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہلکی بوندا باندی کا سامنا بھی رہا۔

کوئٹہ میں نئے سال کا سورج 7 بج کر 45 منٹ پر طلوع ہوا اور شہریوں نے نمازِ فجر میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کی دعائیں کیں۔

یوں 2025 ماضی کا حصہ بن گیا اور 2026 ایک نئی روشنی، نئی امیدیں اور روشن مستقبل کی امید لے کر طلوع ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں