صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا نئے سال کے موقع پر پیغام

09:31 AM, 1 Jan, 2026

اسلام آباد : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال 2026 کے آغاز پر قوم کو خوشیوں اور کامیابیوں کی دعا دی۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں پاکستانی قوم کو نیا سال خوشی، امن اور ترقی کا پیغام دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان مختلف چیلنجز سے محفوظ نہیں، لیکن ہم بے بس نہیں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد، استقامت اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ ہم تمام مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ایک ساتھ کھڑے ہوں تو کوئی بھی مسئلہ ہمارے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قوم کو نیا سال خوشی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان کے لیے خوشیاں، خوشحالی اور اللہ کے فضل و کرم کے ساتھ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2025 دفاع وطن کے حوالے سے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، اور مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے اپنی بہادری سے تاریخ رقم کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے فضائی حدود کا ناقابل تسخیر دفاع کیا، اور قوم ہمیشہ افواج کے ساتھ مل کر ملک کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ انہوں نے دہشت گرد حملوں میں جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور حکومت کی جانب سے ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا عہد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ معاشی اشاریوں میں بہتری حکومت کی درست سمت کا ثبوت ہے، اور قوم کا ساتھ ہمیں ایک بہتر اور روشن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔

مزیدخبریں