برج ٹاؤن : آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی قیمتی "بیگی گرین" کیپ ویسٹ انڈیز میں لاپتہ ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کمنز نے یہ کیپ کیریبئن دورے میں برج ٹاؤن میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے محض 24 گھنٹے قبل گم کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز نے سیریز سے قبل ویسٹ انڈین کپتان روسٹن چیز کے ہمراہ ٹرافی فوٹو شوٹ کے دوران نئی بیگی گرین کیپ پہن رکھی تھی، تاہم جب میچ کا آغاز ہوا تو اُن کے سر پر وہ تاریخی کیپ موجود نہیں تھی جو انہیں 2011 میں اُن کے ٹیسٹ ڈیبیو کے موقع پر دی گئی تھی۔
کمنز نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی اصل بیگی گرین کیپ گم ہو گئی ہے، اور آخری اطلاعات تک وہ انہیں واپس نہیں ملی۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کی بیگی گرین کیپ ایک علامتی حیثیت رکھتی ہے اور ہر کھلاڑی اس کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ اس سے قبل بھی گزشتہ سال سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر کی کیپ نیو ایئر ٹیسٹ سے قبل گم ہو گئی تھی، جس پر پورے ملک میں تلاش شروع کر دی گئی تھی، تاہم وہ بعد میں اُن ہی کے سامان سے برآمد ہو گئی تھی۔