لاہور میں ہیلمٹ استعمال کا اے آئی سروے، 97 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سوار قوانین پر عمل پیرا

12:21 PM, 1 Jul, 2026

لاہور: سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے گئے ہیلمٹ کمپلائنس سروے کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق شہر کی ماڈل روڈز پر موٹرسائیکل سواروں کی بڑی تعداد ہیلمٹ کا استعمال کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماڈل روڈز کے 17 اہم چوکوں پر مخصوص اوقات کے دوران آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے ہیلمٹ استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ سروے کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 64 ہزار 112 موٹرسائیکلیں متعلقہ راستوں سے گزریں۔

سروے میں بتایا گیا کہ 2 لاکھ 56 ہزار 473 موٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، جبکہ 7 ہزار 639 موٹرسائیکل سوار بغیر ہیلمٹ کے پائے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ماڈل روڈز پر 97 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کے استعمال کا رجحان سامنے آیا، جو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی نگرانی اور شہریوں میں محفوظ سفر کے رجحان کو فروغ دینے میں مدد مل رہی ہے۔

مزیدخبریں