بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کا مشن: بلاول بھٹو زرداری اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے

09:45 AM, 1 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

نیویارک :  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت کی حالیہ جارحیت اور پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر پیش کرنے کے مشن پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 2 جون کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور بھارتی جارحانہ عزائم پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔

پاکستانی وفد نیویارک میں مختلف امریکی تھنک ٹینکس، کانگریس کے ارکان اور پالیسی سازوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا، تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا جا سکے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو 5 جون کو واشنگٹن میں معروف امریکی تھنک ٹینک "مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ" میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، سابق وزرائے خارجہ حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی، سابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، اور خرم دستگیر خان شامل ہیں۔ وفد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد ماہرین، صحافیوں اور کمیونٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ایک اعلیٰ سطحی سفارتی کمیٹی کا حصہ ہے، جس کا مقصد موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی بیانیے کو مضبوط کرنا اور عالمی برادری کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان کی عالمی سطح پر فعال اور مؤثر سفارتی موجودگی کا عکاس ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور انصاف پر مبنی حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کا تسلسل ہے۔

مزیدخبریں