لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہیں، اور ان کی حالیہ بیان بازی اسی فرسٹریشن کا اظہار ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان ماضی میں جن الفاظ کو دوسروں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے تھے، آج خود انہی کے محتاج ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ڈیل کا طعنہ دینے والا آج خود کسی ڈیل کی تلاش میں ہے۔‘‘
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت اپنے کارکنوں کو متحرک رکھنے کے لیے غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، لیکن عوام اب ان کی اصل حقیقت سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایک ایسی جماعت جو بمشکل 400 ووٹ حاصل کر پاتی ہے، وہ بھی الیکشن میں دھاندلی کا واویلا کر رہی ہے، جو اس کی مایوسی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے شیخوپورہ سمیت حالیہ تمام ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے اور سمبڑیال کا الیکشن بھی بھاری مارجن سے جیتے گی۔ ’’پنجاب کے عوام نے مریم نواز پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے،‘‘ انہوں نے کہا۔
عظمیٰ بخاری نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور انہوں نے بطور خاتون اول اپنے منصب کو کرپشن کے لیے استعمال کیا۔ ’’قوم اب جان چکی ہے کہ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر اصل میں کس طرح کا کھیل کھیلا گیا،‘‘ انہوں نے مزید کہا۔