ڈیرہ غازی خان میں پولیس کا خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

11:26 PM, 1 Jun, 2025

ڈیرہ غازی خان : پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں خفیہ اطلاع پر خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چند خوارجی دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور مختلف مقامات پر شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے ہیں۔ اطلاع پر فوری ردعمل دیتے ہوئے پولیس ٹیموں نے علاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بھاری اسلحے کے ساتھ پولیس پر حملہ کیا، تاہم جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ترجمان کے مطابق، کچھ دہشت گرد جھاڑیوں اور اونچی زمینوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے۔

پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔ حکام کے مطابق، علاقے کو کلیئر کرنے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل نگرانی جاری ہے۔

مزیدخبریں