کوئٹہ:بلوچستان کے خلاف بیرونی پشت پناہی سے چلنے والے نیٹ ورک "فتنہ الہندوستان" کا پاکستان مخالف پراپیگنڈہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔ بلوچستان کے محبِ وطن اور غیور خاندانوں نے ریاست مخالف سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی پراکسی تنظیموں کا حصہ بننے والے اپنے گمراہ رشتہ داروں کو عاق کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لسبیلہ پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران فتنہ الہندوستان سے روابط رکھنے والی مبینہ دہشت گرد ثانیہ کے والد نے اپنی بیٹی کے اقدامات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس سے تمام تعلقات ختم کرنے اور عاق کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
اسی طرح پنجگور، گوادر اور تربت سے تعلق رکھنے والے مزید تین شہریوں نے بھی پریس کانفرنسز اور بیانات کے ذریعے فتنہ الہندوستان میں شامل اپنے سگے بھائیوں سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ان محبِ وطن بلوچ خاندانوں کا کہنا ہے کہ وہ ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ایسے رشتہ داروں سے ان کا اب کوئی تعلق نہیں جو ملک دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔