عالمی بحران اور سفارتکاری،امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا ثالثی کردار قابلِ ستائش، پاک یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ میں اہم اتفاق

02:26 PM, 1 Jun, 2026

اسلام آباد:پاکستان اور یورپی یونین نے عالمی امن، تجارتی تعاون اور طویل مدتی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ پیش رفت آٹھویں پاکستان، یورپی یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے موقع پر سامنے آئی، جہاں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے باضابطہ ملاقات کی اور مذاکرات کی مشترکہ صدارت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے یورپی قیادت کے مسلسل روابط کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ اور امریکا ایران حالیہ تنازع جیسے نازک مواقع پر دونوں خطوں کے درمیان قریبی رابطہ رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں مشترکہ سٹریٹجک وژن کے ذریعے نئی سمت دی جا سکتی ہے۔

ملاقات کے دوران یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے امریکا اور ایران کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کے ثالثی کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا ایران تنازع کی وجہ سے پوری دنیا اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا کر رہی ہے، اس لیے موجودہ عالمی حالات میں مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا ہے۔

مزیدخبریں