پنجاب میں مساجد میں اعتکاف بیٹھنے پر پابندی عائد کر دی گئی

پنجاب میں مساجد میں اعتکاف بیٹھنے پر پابندی عائد کر دی گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد میں اعتکاف بیٹھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور محکمہ اوقاف کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس وقت صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد میں اعتکاف کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم رواں سال محکمہ اوقاف پنجاب کے زیرانتظام مساجد میں اعتکاف بیٹھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یوم علی کے جلسوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں یوم علی کے جلوسوں پر پابندی عائد کی ہے۔ 
وزرات داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے تاہم یوم علی رضہ اللہ تعالیٰ عنہ کی مناسبت سے مجالس کی اجازت ہو گی۔ این سی او سی نے یوم علی کے موقع پر ہر قسم کے جلوس نکالنے پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وزارت داخلہ نے بھی پابندی عائد کی ہے۔