جہلم: :چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ چوکس اور ہمہ وقت تیار ہے۔ یکم مئی کے موقع پر فیلڈ مارشل نے ٹلہ فائرنگ رینج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی مشقوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
مشقوں کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے جدید ہتھیاروں کے موثر استعمال، مربوط منصوبہ بندی اور میدانِ جنگ میں دشمن کے خلاف فوری و برق رفتار ردعمل کا عملی مظاہرہ کیا۔ سپہ سالار نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور نشانہ بازی کے اعلیٰ معیار کی بھرپور تعریف کی۔
اس موقع پر افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئےفیلڈ مارشل نے کہا پاک فوج ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گی۔ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور دشمن کسی بھی غلط فہمی میں نہ رہے۔
فیلڈ مارشل کو فیلڈ فارمیشنز کی جانب سے تربیتی امور اور دفاعی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جوانوں کی تربیت کے معیار پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے جنگی حالات میں جدید ٹیکنالوجی اور بہتر منصوبہ بندی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
ناقابلِ تسخیر دفاع:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ٹلہ فائرنگ رینج کا دورہ، دشمن کو دو ٹوک پیغام
10:47 AM, 1 May, 2026