"ایران جھکے گا نہیں، دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات ناممکن" : صدر مسعود پزشکیان

11:25 AM, 1 May, 2026

تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی دھمکیوں اور حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم، حکومت اور عسکری قیادت دشمن کے سامنے ایک "آہنی دیوار" کی طرح متحد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی صورت میں دباؤ یا تذلیل پر مبنی معاہدہ قبول نہیں کرے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران عالمی برادری کے ساتھ "باعزت سفارتکاری" اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا حامی ہے، لیکن امریکہ یہ بات ذہن نشین کر لے کہ دھمکیوں اور معاشی دباؤ کے ذریعے تہران سے کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کرایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے کبھی سر تسلیم خم نہیں کیا اور نہ ہی اب کریں گے۔
ایران نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے باضابطہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی تجارتی جہازوں کے خلاف جاری امریکی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں۔ ایران کا موقف ہے کہ     تجارتی جہازوں کو ہراساں کرنا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔    امریکہ عالمی بحری قوانین کو پامال کر کے عالمی تجارت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔   اقوامِ متحدہ واشنگٹن کو ان غیر قانونی اقدامات سے باز رکھے۔
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دشمن ایرانی حکومت اور عسکری قیادت کے درمیان دراڑیں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن آج ایران پہلے سے زیادہ متحد ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایرانی مسلح افواج ملکی سرحدوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر لیس اور ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزیدخبریں