بیواؤں اور یتیموں کے لیے تاریخی ریلیف: مریم نواز نے "وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ" کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا

03:35 PM, 1 May, 2026

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی تاریخ کے پہلے "رحمت کارڈ" پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ یہ پروگرام پہلی بار 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو پنجاب حکومت کے فلاحی ایجنڈے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
افتتاحی تقریب کے دوران رحمت کارڈ پراجیکٹ کے حوالے سے درج ذیل تفصیلات سامنے آئی ہیں۔  اس پروگرام کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5 ہزار ملین (5 ارب) روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبے بھر کی 50 ہزار مستحق بیوائیں اور یتیم بچے اس کارڈ کے ذریعے مالی معاونت حاصل کر سکیں گے۔ڈیجیٹل افتتاح کا مقصد امداد کی تقسیم کو سو فیصد شفاف بنانا ہے تاکہ حق دار کو اس کا حق دہلیز پر ملے۔
صوبائی معاون خصوصی راشد نصراللہ نے تقریب کے دوران رحمت کارڈ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ  "یہ کارڈ صرف ایک پلاسٹک کارڈ نہیں بلکہ بیواؤں اور یتیموں کے لیے ریاست کی طرف سے ایک سہارا ہے۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوتے ہی کارڈز کی تقسیم شروع کر دی جائے گی تاکہ مستحقین کو فوری ریلیف مل سکے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یتیموں اور بیواؤں کی سرپرستی ریاست کی ذمہ داری ہے اور "رحمت کارڈ" اسی ذمہ داری کی ادائیگی کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کارڈ کے اجراء اور رقم کی منتقلی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں