پی ایس ایل 11: سنسنی خیز مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر حیدرآباد کنگزمین فائنل میں پہنچ گئی

11:51 PM, 1 May, 2026

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے ایلیمینیٹر ٹو میں ایک سنسنی خیز اور آخری اوور تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

فائنل میچ اتوار کو پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ اوپنر عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 61 رنز بنائے جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ کپتان مارنس لیبوشین نے 39، صائم ایوب نے 38 اور کوشل پریرا نے 37 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 184 رنز تک محدود رہی۔ مارک چیپمین نے 43، ڈیون کونوے نے 30، شاداب خان نے 22 اور کرس گرین نے 21 رنز اسکور کیے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حنین شاہ کے نام رہا جنہوں نے 4 اوورز میں 37 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور آخری اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کو جیت کے لیے درکار رنز بنانے سے روک دیا۔

ٹاس کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا تھا کہ دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالنے والی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لیبوشین نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم ہر صورتحال کے لیے تیار ہے اور بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔
 
 
 
 

مزیدخبریں