واشنگٹن: امریکہ میں آزادی صحافت کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے کیونکہ وائٹ ہاؤس نے صحافیوں کے داخلے پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پالیسی کے تحت صحافی اب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری یا دیگر اعلیٰ حکام کے دفاتر میں بغیر پیشگی اجازت داخل نہیں ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ "اپر پریس روم" میں داخلہ بھی صرف پیشگی اپائنٹمنٹ کے ذریعے ممکن ہوگا، جس کے بغیر کسی کو رسائی نہیں دی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اس کا مقصد حساس معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ پینٹاگون میں بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جن پر امریکی صحافتی حلقوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے پریس کی آزادی اور حکومتی شفافیت پر سوالات کھڑے ہو سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے واضح کیا کہ یہ پالیسی تمام میڈیا اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی اور کسی بھی صحافی یا ادارے کو خصوصی استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔