اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے آج پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پاکستان کی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے بھارت کی ایک اور دہشتگرد کارروائی ناکام بنا دی اور جاسوس اعجاز ملاح کو گرفتار کر لیا۔
عطا تارڑ کے مطابق اعجاز ملاح ایک مچھیرے کے طور پر سرگرم تھا اور بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کر رہا تھا۔ اسے پاکستانی نیوی، آرمی اور رینجرز کی وردیاں اور دیگر حساس اشیا حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے اس کی نگرانی کر کے اسے گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے سم کارڈ، ماچس، لائٹرز سمیت دیگر اشیا برآمد ہوئیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اعجاز ملاح نے گرفتاری کے بعد جرم کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی یہ کارروائی آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد کی گئی تھی، اور اس کے تحت بھارت نے مس انفارمیشن اور پروپیگنڈا مہم شروع کی تھی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ یہ بھارت کا پروپیگنڈا آپریشن تھا جو ناکام ہوا، اور پاکستان نے انفارمیشن کی جنگ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ اعجاز ملاح کو ستمبر میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے گرفتار کیا تھا اور اسے مالی لالچ دے کر استعمال کیا گیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان کی عالمی کامیابیوں اور عزت و وقار کو برداشت نہیں کر پا رہا اور اسی وجہ سے مذموم سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔