انسٹاگرام نے ٹک ٹاک جیسا 'واچ ہسٹری' فیچر متعارف کروا دیا

08:44 PM, 1 Nov, 2025

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے نیا 'واچ ہسٹری' فیچر متعارف کرایا ہے، جو ٹک ٹاک کی طرح پہلے سے دیکھی گئی ویڈیوز دوبارہ دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

انسٹاگرام کے بانی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ اب صارفین اس فیچر کے ذریعے اپنی 'واچ ہسٹری' میں جا کر پہلے دیکھی گئی تمام ویڈیوز اور مواد دوبارہ دیکھ سکیں گے۔

اس سے قبل انسٹاگرام پر ایسا کوئی فیچر موجود نہیں تھا جس کے ذریعے پہلے سے دیکھی گئی ریلز یا دیگر مواد کو دوبارہ دیکھا جا سکے۔ اگرچہ صارفین کسی پیج پر جا کر مواد دیکھ سکتے تھے، مگر اسکرولنگ کے دوران دیکھی گئی ویڈیوز اسکرین سے غائب ہو جانے کے بعد دوبارہ تک رسائی ممکن نہیں تھی۔

نئے 'واچ ہسٹری' فیچر کی مدد سے، صارفین اب اسکرول کرتے وقت نظر انداز ہو جانے والی ویڈیوز یا پوسٹس کو دوبارہ دیکھنے کے قابل ہوں گے، خاص طور پر وہ لوگ جو ریلز دیکھنے کے شوقین ہیں اور کسی ویڈیو کو حادثاتی طور پر اسکرول یا ایپ کے ریفریش ہونے کی وجہ سے مس کر دیتے ہیں۔

انسٹاگرام کے بانی نے اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ہدایت دی ہے کہ صارفین انسٹاگرام کی سیٹنگز میں جائیں، وہاں "Your Activity" میں جا کر "Watch History" پر کلک کریں تاکہ دیکھی گئی مواد کی فہرست حاصل کی جا سکے۔

اس فیچر میں سب سے اوپر تازہ ترین دیکھی گئی ویڈیوز ہوں گی، اور نیچے پرانی ویڈیوز اور دیگر مواد کی فہرست موجود ہو گی۔ اس کے علاوہ، صارفین کسی خاص تاریخ کو منتخب کر کے اُس دن کی ویڈیوز بھی دیکھ سکتے ہیں۔
 
 

مزیدخبریں