اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ علاقوں میں بارش کی توقع ہے، جس سے مقامی طور پر موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔
محکمے کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں بینظیر آباد، لاڑکانہ، دادو، عمر کوٹ، تھرپارکر، بدین، سانگھڑ، مٹھی، میرپورخاص، ٹنڈو اللہ یار اور ٹنڈو محمد خان شامل ہیں۔ کراچی، حیدرآباد، خیرپور، جامشورو، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو گرمی سے ستائے عوام کے لیے راحت کا باعث بن سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے شمالی اور پہاڑی علاقوں، جیسے چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسم عمومی طور پر خشک اور جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بدلتے ہوئے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بارش یا آندھی کی صورت میں سفر یا کھلی جگہوں پر موجودگی سے گریز کریں۔