خیبرپختونخوا کابینہ کا 39 واں اجلاس کل طلب ، 39 نکاتی جامع ایجنڈا جاری

12:48 PM, 1 Oct, 2025

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ کا 39 واں اجلاس کل (جمعرات) صبح 11 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے۔

کابینہ اجلاس کے لیے 39 نکاتی جامع ایجنڈا جاری کیا گیا ہے جس میں متعدد اہم امور زیر غور آئیں گے۔ اجلاس میں سابق فاٹا کے پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی، پیرول کمیٹی کے طریقہ کار میں تبدیلی، اور زمین کی منتقلی پر وفاقی ٹیکسز کو عدالت میں چیلنج کرنے کی اجازت جیسے معاملات شامل ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر دیر لوئر کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری، کالجز میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے عارضی بھرتیوں، وزیراعلیٰ سکالرشپ میں اضافے اور واجبات کی ادائیگی، ماحولیاتی ٹریبونل کے چیئرمین کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری بھی دی جائے گی۔

کابینہ گندم خریداری اور سٹریٹجک ذخائر کی پالیسی، کیش مینجمنٹ پالیسی 2025 کی منظوری اور سوات واقعے کے متاثرین کے لیے خصوصی معاوضہ پیکیج پر بھی غور کرے گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے ریلیف فنڈز کے استعمال اور ایبٹ آباد حادثے کے متاثرین کے لیے فوری معاوضے کی تجویز بھی زیر بحث آئیں گی۔

اجلاس میں گلیات میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ، خراب کارکردگی والے سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے، اساتذہ کی تقرری و مستقلی ایکٹ 2022 میں ترامیم، اور بار ایسوسی ایشنز کے لیے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری بھی متوقع ہے۔

مزید برآں، سیدو ہسپتال سوات اور خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو ایم ٹی آئی قرار دینے، محکمہ صحت میں تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری، اور ایم ٹی آئی اپیلٹ ٹربیونل رولز 2020 میں ترامیم پر بھی غور کیا جائے گا۔ پشاور اربن پلانٹیشن مہم کے لیے فنڈز کی منظوری بھی اجلاس کا حصہ ہوگی۔ذرائع کے مطابق، اجلاس میں عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔

مزیدخبریں