پیپلزپارٹی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی سے خوف آتا ہے، پرفارمنس کا مقابلہ کریں، الزام تراشی نہ کریں، عظمیٰ بخاری

12:39 PM, 1 Oct, 2025

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مریم نواز کی اچھی کارکردگی سے خوفزدہ ہے، اسی لیے الٹے سیدھے بیانات دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیزفائر کی پیشکش اگر دوسری طرف سے آئے تو مناسب ہوگا کیونکہ یہ معاملہ پنجاب نے شروع نہیں کیا۔

 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر اتحادی اچھا مشورہ دیں تو وہ قبول کیا جائے گا، لیکن پیپلز پارٹی نے سیلاب کی صورتحال پر سیاست شروع کر دی، جبکہ اس میں ان کا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے بجائے اپنے صوبے سندھ کی صورتحال پر بھی توجہ دے، کیونکہ پنجاب کے کسان کو جو مسائل درپیش ہیں وہ سندھ میں بھی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی پر صوبے کے انتظامی معاملات میں مداخلت کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ سندھ میں سیلاب آیا تو پنجاب کی حکومت نے کوئی سیاسی بیان بازی نہیں کی بلکہ مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بیرونی امداد نہیں لی کیونکہ وہ اپنے وسائل سے کام کر رہا ہے، اور کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بی آئی ایس پی (بینیفٹ انکم سپورٹ پروگرام) کے ذریعے سب کو مدد نہیں مل سکتی کیونکہ کئی کسان اس میں شامل نہیں ہیں، اس لیے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دوسرا راستہ بھی اپنانا ہوگا۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کو اتحادی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی استحکام کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 17 سال سے حکومت کر رہی ہے، اسے اپنی کارکردگی بہتر بنانی چاہیے بجائے اس کے کہ پنجاب کی حکومت پر الزام تراشی کرے۔

مزیدخبریں