صائم ایوب نمبر ون ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر بن گئے، پاکستان کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری

02:26 PM, 1 Oct, 2025

اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب نے بھارت کے ہاردیک پانڈیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون مقام حاصل کر لیا ہے۔

بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ابھیشیک شرما اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے سب سے آگے ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے اپنی کارکردگی میں زبردست بہتری دکھاتے ہوئے 11 درجے ترقی کر کے 13 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔ بھارت کے سنجو سیمسن بھی 8 درجے ترقی کر کے 31 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے پاتھم نسانکا نے دو درجے ترقی کر کے پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو دو درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی رینکنگ میں تھوڑی کمی دیکھی گئی ہے۔

بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ پاکستان کے ابرار احمد 3 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ شاہین آفریدی نے 12 درجے ترقی کر کے 14 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔ پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف 5 درجے تنزلی کے بعد 33 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ محمد نواز نے 5 درجے ترقی کر کے 41 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔

آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں صائم ایوب کے بعد پاکستان کے محمد نواز اور فہیم اشرف بھی نمایاں بہتری کے ساتھ 13 ویں اور 35 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔یہ رینکنگز پاکستانی کرکٹ کے نوجوان کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور ملکی ٹیم کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔

مزیدخبریں