خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیوں کا کیس، جج کا عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم

خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیوں کا کیس، جج کا عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد: دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت شروع ہوئی تو جج راجہ حسن جواد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔

تفصیلات کے مطابق جج نے ریمارکس دیئے کہ ہم اس ضمانت پر آج ہی دلائل سنیں گے ، پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے ملزم کو عدالت پیش کریں پھر ہم بحث کریں گے ۔ جس پر عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کہا کہ بارہ بجے تک کا وقت دیا جائے عمران خان کو پیش کردینگے ، اگر میرے موکل کو کچھ ہوا تو آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز ذمہ دار ہونگے ۔

سماعت میں 12 بجے تک کے لیے وقفہ کرتے ہوئے جج راجہ حسن جواد نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت کی طرح عدالت میں غیر متعلقہ افراد نہ آئیں ، میں نے عدالت دیکھنی ہوتی ہے کوئی نظر ہی نہیں آتا ۔ آج تین عدالتیں کھلی ہیں آپ لسٹ دینگے وہ وکلاء کمرہ عدالت میں آئینگے ۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف درج مقدمہ میں مزید چار دفعات شامل کی گئی ہیں ۔ دہشتگردی کے مقدمہ میں 506،504،186 اور 188 دفعہ شامل کی گئی ہے ۔ انہوں نے استدعا کی کہ ان دفعات میں بھی عمران خان کی ضمانت منظور کی جائے ۔ جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ ان دفعات میں ہم نوٹس جاری کرینگے ۔

جج نے سرکاری پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ سیون اے ٹی اے جرم کے بغیر کبھی درج ہوئی ؟ آپکو بتانا ہوگا کونسی کلاشنکوف لی گئی اور کونسی خودکش جیکٹ پہن کر حملہ کیا گیا ۔

مصنف کے بارے میں