لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

09:36 AM, 1 Sep, 2025

لاہور : لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے ہری پور، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سوات، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، دیر بالا، وزیرآباد، چکوال اور دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ خوش قسمتی سے، فی الحال کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

حکومتی ادارے اور امدادی ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سکون سے صورتحال کو سنبھالیں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں