وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر زور

10:32 AM, 1 Sep, 2025

تیانجن / چین: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ پاکستان کے گہرے تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اگست 2025 میں ایرانی صدر کے دورے کو تعلقات کو مضبوط بنانے کا اہم موقع قرار دیا۔ ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور مشکل وقت میں ایران کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں