شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلامیہ، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی تائید

02:59 PM, 1 Sep, 2025

اسلام آباد :شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) نے جعفر ایکسپریس، خضدار میں سکول بس پر حملے اور پہلگام واقعے سمیت حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے، پاکستان کے انسدادِ دہشتگردی کے مؤقف کو دو ٹوک اور اصولی قرار دیا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشتگردی کی تمام اقسام قابل مذمت ہیں اور دہشتگردی کے خلاف دوہرا معیار اختیار کرنا ناقابل قبول ہے۔ اعلامیے کے مطابق، ریاستی سطح پر سیاسی مفادات کے لیے دہشتگردی کا استعمال عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے، اور دنیا اب جھوٹے بیانیوں کو قبول نہیں کر رہی۔

اعلامیے میں افغانستان میں پائیدار امن کے لیے وسیع البنیاد شمولیتی حکومت کے قیام کی حمایت کی گئی، جبکہ دہشتگردوں کی سرحد پار نقل و حرکت روکنے پر زور دیا گیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم نے واضح کیا کہ ہر قوم کو سیاسی، سماجی اور معاشی راستے کے آزادانہ انتخاب کا حق حاصل ہے اور دہشتگرد گروہوں کو کرائے یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں شرکت کے دوران ایرانی صدر سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے خطاب میں کہا:

"سیاسی مفادات کے لیے ریاستی دہشتگردی کا استعمال قابل مذمت ہے، دنیا اب جھوٹے بیانیے تسلیم نہیں کرتی۔"

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان نے جعفر ایکسپریس، خضدار اور پہلگام جیسے واقعات میں بھارت کے مبینہ کردار سے متعلق ثبوت عالمی سطح پر پیش کیے ہیں۔ پاکستان نے 24 اپریل کو پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، جس کا تاحال بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا۔

مزیدخبریں