آبی گزرگاہوں پر تجاوزات تباہی کا سبب بن رہی ہیں، اب خود احتسابی کا وقت ہے: خواجہ آصف

05:59 PM, 1 Sep, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیلابی تباہ کاریوں کی بڑی وجہ قدرتی آبی گزرگاہوں پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ لوگ نالوں پر گھر بنا رہے ہیں جبکہ دریا کے کناروں اور زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی جا چکی ہیں، جس کے باعث قدرتی راستے بند ہو گئے ہیں اور نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ "ہم ڈیم یا نہر کی بات کرتے ہیں تو اسے سیاسی دکان داری چمکانے کا ذریعہ بنا دیا جاتا ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم اصلاح کی طرف نہیں آتے۔"

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر بحران میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے امداد مانگتے ہیں، لیکن اپنے اعمال پر غور نہیں کرتے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم خود احتسابی کریں اور اپنی پالیسیوں اور طرزِ عمل پر نظر ثانی کریں۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر ہم نے اپنی روش نہ بدلی تو ہر سال ایسی آفات ہمیں مزید نقصان پہنچاتی رہیں گی۔

مزیدخبریں