لیونل میسی کا ارجنٹینا کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

08:46 AM, 1 Sep, 2026

ارجنٹینا:  ارجنٹینا کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے 39 برس کی عمر میں قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا، جس کے ساتھ ہی ان کا دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط بین الاقوامی فٹبال کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

میسی نے اپنے بیان میں کہا کہ طویل غور و فکر کے بعد انہوں نے قومی ٹیم سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور اس سے انہیں جذباتی تکلیف بھی ہوئی، تاہم اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ٹیم سے رخصت ہونے کا وقت آچکا ہے۔

قومی ٹیم کے لیے میسی کی خدمات شاندار رہی ہیں۔ وہ ارجنٹینا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے 200 بین الاقوامی میچز میں 120 گول سکور کیے۔

لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2022 میں فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کیا، جبکہ 2026 کے عالمی کپ میں ٹیم رنر اپ رہی۔ میسی پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ 2026 کا ورلڈ کپ ان کا آخری عالمی کپ ہوگا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے کنارہ کشی کا اعلان کیا ہو۔ 2016 میں کوپا امریکا کے فائنل میں چلی کے خلاف شکست کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم چند ہفتوں بعد اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

اس مرتبہ میسی کے تازہ بیان سے عندیہ ملتا ہے کہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے ساتھ ان کا شاندار سفر اب مستقل طور پر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں