کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے طریقہ کار میں تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے لیے استعمال ہونے والے روایتی 6 ہندسوں کے پن کی جگہ پاس ورڈ استعمال کیا جا سکے گا۔
نئے سیکیورٹی نظام میں صارفین کو ایسا پاس ورڈ بنانے کی سہولت دی جائے گی جس میں حروف اور نمبرز شامل ہوں گے، جس سے اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی اور ہیکنگ سے مزید مضبوط تحفظ ملنے کی توقع ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق جو صارفین پہلے ہی اپنے اکاؤنٹ پر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال کیے ہوئے ہیں، وہ دستیاب ہونے کے بعد اپنے موجودہ پن کو نئے پاس ورڈ سسٹم میں تبدیل کر سکیں گے۔
یہ سہولت مرحلہ وار صارفین تک پہنچائی جا رہی ہے، اس لیے ممکن ہے کہ بہت سے صارفین کو یہ آپشن فوری طور پر نظر نہ آئے۔ تاہم آنے والے چند ہفتوں کے دوران مزید صارفین کے لیے یہ فیچر دستیاب ہونے کا امکان ہے۔
نیا پاس ورڈ فیچر دراصل واٹس ایپ کے موجودہ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن سسٹم ہی کا حصہ ہے۔ پہلے صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کے اضافی تحفظ کے لیے 6 ہندسوں پر مشتمل پن ترتیب دینا پڑتا تھا، تاہم اب اسے زیادہ مضبوط پاس ورڈ سے تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
فیچر دستیاب ہونے کے بعد اسے فعال کرنا بھی آسان ہوگا۔ صارفین کو واٹس ایپ کھول کر سیٹنگز میں جانا ہوگا، پھر اکاؤنٹس کے آپشن میں موجود ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس مرحلے پر نیا پاس ورڈ بنانے کا آپشن دکھائی دے گا، جس کے ذریعے صارف اپنا نیا پاس ورڈ ترتیب دے سکے گا۔ اسی دوران اکاؤنٹ کی ریکوری کے لیے ای میل ایڈریس شامل کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
نئے پاس ورڈ کی کم از کم لمبائی 8 حروف مقرر کی گئی ہے۔ اس میں کم از کم ایک حرف یا نمبر شامل ہونا ضروری ہوگا، جبکہ صارف مزید سیکیورٹی کے لیے اسپیشل کریکٹر بھی شامل کر سکتا ہے، تاہم اسپیشل کریکٹر کا استعمال لازمی نہیں ہوگا۔