اسلام آباد/واشنگٹن: مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار سامنے آگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے صدر ٹرمپ کی ہدایت پر پاکستانی رابطہ کاروں کے ذریعے تہران کو اہم پیغام پہنچایا ہے، جس میں جنگ بندی کے لیے مخصوص شرائط کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے۔
امریکی نائب صدر نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ خطے میں طویل جنگ کے بجائے "فوری امن" کے خواہاں ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو اس کے بنیادی ڈھانچے پر فوجی اور معاشی دباؤ میں بے پناہ اضافہ کر دیا جائے گا۔ اس وقت جے ڈی وینس، مارکو روبیو اور جیرڈ کشنر پر مشتمل ایک طاقتور امریکی ٹیم اس عمل کی نگرانی کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس کا یہ فعال کردار ان کی مستقبل کی سیاست اور امریکہ کو "لا متناہی جنگوں" سے نکالنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔