کالاشاہ کاکو کے قریب ٹرین حادثہ،  17 گھنٹے بعد ٹریک بحال

05:56 PM, 2 Aug, 2025

لاہور: لاہور سے راولپنڈی جانے والی مسافر ٹرین کی پانچ بوگیاں کالاشاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں 30 مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں، اور 17 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق، حادثے کے باعث 800 فٹ طویل ٹریک مکمل طور پر تبدیل کیا گیا، جب کہ متاثرہ حصے کی فٹنس رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

وزارت ریلوے نے واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے (FGIR) کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ریلوے بورڈ کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا، تاہم ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

مزیدخبریں