اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ معزز ایرانی مہمانوں کی آمد کے موقع پر دارالحکومت کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے، اور حکومت نے ان کے پرتپاک استقبال کے لیے مکمل تیاریاں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ایرانی صدر کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتی ہے۔ ان کا یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ خطے میں استحکام، تجارت اور باہمی تعاون کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔