کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیں گے: عباس عراقچی

12:45 PM, 2 Aug, 2026

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے گفتگو کے دوران امریکا کو خبردار کیا کہ وہ کسی بھی مہم جوئی یا اشتعال انگیز اقدام سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی کارروائی کی صورت میں سخت ردعمل دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر خطے کے کسی ملک نے ایران کے خلاف کسی حملے میں تعاون کیا تو اس کے نتائج بھی برداشت کرنا ہوں گے۔

عباس عراقچی کے سعودی اور ترک ہم منصبوں سے رابطوں کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ فریقین کے درمیان علاقائی صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں