اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ پاکستان کے آئین اور قانون کو تسلیم نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جو لوگ ریاست کے آئینی نظام کو مانتے ہیں، ان سے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے نظام میں بہتری سے متعلق تجاویز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کا آغاز عدلیہ سے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نظریہ پاکستان اور قومی مفاد کے خلاف موجود مواد کا خاتمہ ضروری ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان ایک متفقہ قومی دستاویز ہے، جس کے تحت ماہ اگست میں مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد امن، برداشت، اتحاد اور قومی ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔