لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات اور پیپلز پارٹی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات رونے، شور مچانے یا الزامات لگانے سے نہیں بلکہ عوامی حمایت سے جیتے جاتے ہیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرپور میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد سے پیپلز پارٹی کے شکوے اور اعتراضات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے لیے عوام سے ووٹ مانگنا پڑتا ہے اور ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز تک لانا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ اور ووٹر کے بغیر کوئی جماعت کامیاب نہیں ہو سکتی، جبکہ دھمکیوں اور دھاندلی کے الزامات سے انتخابی نتائج تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔
مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ میرپور کی طرح مظفرآباد ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر کسی کے شور شرابے سے نہیں بلکہ حکومتوں کی کارکردگی دیکھ کر فیصلہ کرتا ہے اور اسی بنیاد پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتا ہے۔