واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کو اب ایسے مذاکرات کی توقع نہیں رکھنی چاہیے جن کے کوئی نتائج نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے حوالے سے وہ اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں جو ماضی کی امریکی انتظامیہ نے نہیں کیے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران نے طویل عرصے سے جھوٹ بولا، معاہدوں کی خلاف ورزی کی اور مذاکراتی عمل کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کو گمراہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے آج تک ڈونلڈ ٹرمپ جیسے امریکی صدر کا سامنا نہیں کیا، جو ایران کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے ایران میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب مکمل خاتمہ نہیں بلکہ حکومت کے کردار، نوعیت اور طرزِ عمل میں تبدیلی ہے۔